برہان انٹرچینج کے قریب تیز رفتار بس الٹ گئی، 12 مسافر جاں بحق، 25 زخمی

Published On 03 May,2021 09:35 pm

حسن ابدال: (دنیا نیوز) برہان انٹرچینج کے قریب تیز رفتار بس الٹنے سے 12 مسافر جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت بس لاہور سے مردان جا رہی تھی۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونیوالوں میں ایک خاتون اور بچی بھی شامل ہیں۔ موٹر وے پولیس اور ریسکیو کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر امدادی کاروائیاں جاری رکھیں۔ زخمیوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے ٹی ایچ کیو ہسپتال حسن ابدال پہنچایا گیا جبکہ شدید زخمیوں کو راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں ابھی تک جن جاں بحق افراد کی شناخت ہوئی ہے ان میں ہارون ساکن چارسدہ، 5 ماہ کی بچی خدیجہ ساکن صوابی، خاتون حمیدہ ساکن مردان، محمد رؤف ساکن صوابی، کامران ساکن صوابی، وقاص ساکن مردان، سلیمان ساکن مردان اور اشفاق علی ساکن مردان شامل ہیں۔

 

Advertisement