لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسلامی فلاحی ریاست کے ویژن پر عمل پیرا وزیراعظم عمران خان عوام کی فلاح اور معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں، ماضی کے مفاد پرست حکمرانوں نے غریب عوام کو زخم دیئے۔
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم 10 مقامات پر تاریخ ساز ایفورڈ ایبل ہاؤسنگ منصوبے کا آغاز کرینگے، بزدار حکومت نے وزیراعظم کے ایفورڈایبل ہاؤسنگ منصوبے کے تحت صوبہ بھر میں 133 مقامات کی نشاندہی کی، 32 مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے اس مد میں 3 ارب روپے فراہم کر دیئے، ہر گھر کا رقبہ ساڑھے 3 مرلے ہوگا، عوامی سہولت کیلئے گھر کی قیمت 14 لاکھ 30 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، گھر کی قیمت 10 ہزار روپے ماہانہ قسط کی صورت میں وصول کی جائے گی، محدود آمدن کے حامل افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے سے یقینا عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے میں مدد ملے گی۔