راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکورٹی، افغان امن عمل اور اس پر ہونے والی تازہ پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد، اول نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان سعودی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے پر عزم ہے، پاکستان مقامات مقدسہ کے دفاع کو یقینی بنائے گا۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان کا خطے میں امن استحکام کیلئے کردار قابل تعریف ہے، دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ باہمی اعتماد پر قائم ہے۔ دونوں ممالک امن و استحکام اور مسلم امہ کی بہتری کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کے ساتھ ملاقات انتہائی شاندار رہی، جنرل قمر جاوید باجوہ میرے بھائی ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے دِفاعی تعلقات کے علاوہ خطے کے امن اور استحکام کے لئے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔