اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حدیبیہ ریفرنس عدم ثبوتوں کے باعث قانونی طور پر ختم ہوچکا، نااہلی چھپانے کیلئے کیس دوبارہ کھولے جا رہے ہیں، کیا چینی، آٹا، گیس چوروں کو آج تک پکڑا ہے؟۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کے سیلاب میں ڈوب رہے ہیں، وزیراعظم نے دورے سے واپسی پر شہباز شریف کی ضمانت پر بریفنگ لی، عمران خان نے مہنگائی یا کورونا پر بریفنگ نہیں لی، شہباز شریف کیخلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، شہباز شریف پر آشیانہ اور صاف پانی کیس سے متعلق دیگر مقدمات بنائے گئے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کاغذ لہرا لہرا کر کہتے رہے لیکن عدالت میں کچھ ثابت نہیں کرسکے، وزیر اطلاعات نے بیان دیا حدیبیہ کیس دوبارہ کھولا جائے گا، 2000 میں ڈکٹیٹر نے نیب کے ذریعے حدیبیہ ملز کا کیس بنایا، 58 والیم میں ایک شخص نے بھی شہباز شریف کیخلاف گواہی نہیں دی۔