راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا جس کے دوران عید کی نماز وہاں تعینات جوانوں کے ساتھ ادا کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان کے عزم و حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت سپاہی فرنٹ لائن پر دفاع وطن کے لیے خدمات سر انجام دینے پر فخر ہے، پاکستان کے عوام کی سلامتی اور بہتری پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر کشمیریوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئیے، وقت آگیا ہے کہ کشمیر جیسے انسانی المیے کا خاتمہ ہو اور اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئِے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی فارمیشن کے سول انتظامیہ سے تعاون کی تعریف کی اور وبا کے خاتمے کے لیے ہر ممکن احتیاط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔