لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ تمام اسلامی ممالک کو فلسطین کے معاملے پر متحد ہونا پڑے گا، مسئلہ فلسطین اور کشمیر حل کئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
گورنر پنجاب نے فلسطین، مراکش اور مصر کے سفیروں سے ملاقاتیں کیں اور فلسطین میں جاری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ڈاکٹر فابیو نے فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی رکوانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
فلسطینی سفیراحمد رافعی نے گورنر پنجاب سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کی عوام کی حمایت فلسطینیوں کیلئے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ نائب صدر یورپی پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق اور امن کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری بھی ترجیح ہے۔