لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورامن عامہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، کوئی ڈر نہیں،سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے۔ پیش گوئیاں کرنے والوں کی دال پہلے کی طرح اب بھی نہیں گلے گی۔ پنجاب حکومت راولپنڈی کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ملک میں امن وامان کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ بزدار حکومت کے کورونا کے خاتمے کے لئے اقدامات قابل تقلید ہیں۔
وزیراعلی عثمان بزدار کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نفاق کے بیج بونے والوں کوپہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ تنقید برائے تنقید کرنا،الزامات لگانا اوردشنام طرازی ہمارا شیوہ نہیں۔ شرافت،شفافیت اوردیانت کے اصولوں پرچلتے ہیں۔ انتقام کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے۔ ماضی میں سیاسی مخالفین کوجان بوجھ کر انتقام کانشانہ بنایا گیا۔
عثمان بزدارنے مزید کہا کہ راولپنڈی کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج تیار کرلیاہے، راولپنڈی تحریک انصاف کا قلعہ ہے،شہر کے مسائل حل کرنے پر پوری توجہ ہے۔ صوبے میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔