نیویارک: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ فلسطینیوں پر ڈھائی جانے والی بربریت سے امن و امان کو شدید خطرات درپیش ہیں۔ اس نئے انسانی المیے کے تدارک کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائی جائیں۔
تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے حوالے سے منعقدہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے تشریف لانے والے وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
عشائیے کا اہتمام نیویارک میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں کیا گیا تھا۔ عشائیہ میں ترکی، فلسطین، تیونس کے وزرائے خارجہ کے علاوہ صدر جنرل اسمبلی والکر بوزکر اور او آئی سی ممالک کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوبین نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اس موقع پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نہتے فلسطینیوں پر ڈھائی جانے والی بربریت، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے امن و امان کو شدید خطرات درپیش ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس نئے انسانی المیے کے تدارک کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائی جائیں۔
وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کو فلسطین میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے بروئے کار لائی گئی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور عالمی برادری کی توجہ فلسطین کی تکلیف دہ صورتحال کی جانب مبذول کروانے کیلئے تفصیلی مشاورت بھی کی۔
واضح رہے کہ فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس جلد منعقد ہوگا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے معصوم فلسطینیوں کے حق میں بھرپور آواز بلند کریں گے۔