وزیرخارجہ کی صدرجنرل اسمبلی سےملاقات،غزہ جنگ بندی کرانے کا مطالبہ

Published On 20 May,2021 08:14 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے صدر کیساتھ اہم ملاقات میں اسرائیل پر بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری اور فوری طور پر سیز فائر کروائے جانے کے پاکستان کے مطالبے کو دہرایا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز نیویارک میں جنرل اسمبلی کے صدر جناب والکن بوذکر کے ساتھ ملاقات اہم ملاقات کی۔ دوران ملاقات فلسطین، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، کورونا وبائی چیلنج سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے فلسطین کے حوالے سے جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے پر صدر جنرل اسمبلی کی متحرک قیادت کی تعریف کی۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اس ہنگامی اجلاس کے ذریعے اقوام متحدہ کے باقی اداروں بالخصوص سلامتی کونسل کو واضح پیغام جائے گا جن کی بنیادی ذمہ داری، عالمی امن و سلامتی کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مظلوم فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت پر شدید مضطرب ہے۔

وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری نوجوانوں کی ماورائے عدالت شہادتوں اور ان کی قیادت کی نظر بندیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے چیرمین تحریک حریت جموں و کشمیر کی زیر حراست شہادت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے جنوبی ایشیاء میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے نے صدر جنرل اسمبلی کو کرونا عالمی وبا کے اقتصادی مضمرات سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی تجاویز سے آگاہ کرتے ہوئے اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عالمی سطح پر موثر کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صدر جنرل اسمبلی جناب والکن بوذکر کو جلد دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھیں: فلسطینیوں پر جاری بربریت سےامن وامان کو شدید خطرات درپیش ہیں،وزیرخارجہ

اس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے حوالے سے منعقدہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے تشریف لانے والے وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

عشائیے کا اہتمام نیویارک میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں کیا گیا تھا۔ عشائیہ میں ترکی، فلسطین، تیونس کے وزرائے خارجہ کے علاوہ صدر جنرل اسمبلی والکر بوزکر اور او آئی سی ممالک کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوبین نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اس موقع پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نہتے فلسطینیوں پر ڈھائی جانے والی بربریت، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے امن و امان کو شدید خطرات درپیش ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس نئے انسانی المیے کے تدارک کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائی جائیں۔

وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کو فلسطین میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے بروئے کار لائی گئی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور عالمی برادری کی توجہ فلسطین کی تکلیف دہ صورتحال کی جانب مبذول کروانے کیلئے تفصیلی مشاورت بھی کی۔

واضح رہے کہ فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس جلد منعقد ہوگا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے معصوم فلسطینیوں کے حق میں بھرپور آواز بلند کریں گے۔
 

Advertisement