بغداد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے عراقی ہم منصب کی دعوت پر تین روزہ دورے کیلئے عراق پہنچ گئے ہیں۔
بغداد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عراق کے نائب وزیر خارجہ، ڈاکٹر صالح التمیمی پاکستان میں عراقی سفیر حامد لفطہ، عراق کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی اور عراقی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ اپنے مختصر دورہ عراق کے دوران عراقی ہم منصب فواد حسین اور عراق کی دیگر اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیر خارجہ عراقی قیادت کو مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر، افغان امن عمل سمیت اہم علاقائی امور پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کریں گے۔ پاکستان اور عراق کے مابین، او آئی سی، اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں، کی سطح پر دو طرفہ تعاون کا فروغ بھی زیر بحث آئے گا۔
شاہ محمود قریشی ہر سال عراق جانے والے ہزاروں پاکستانی زائرین کی سہولت اور بہتر سفری انتظامات کیلئے، عراقی قیادت سے بات چیت کریں گے۔