اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ شریف فیملی نے پیسہ لوٹا اور باہر منتقل کیا، منتیں ترلے کر کے نواز شریف باہر گئے، اب عیاشی کر رہے ہیں، شہبازشریف کے کیسز کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو نی چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں ہماری اولین ترجیح ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی سیاست کا لازمی جزو سمجھتے ہیں، احسن اقبال نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی مسائل کا کیا ادراک ہوگا، ان کی تمام قیادت خود بیرون ملک بیٹھی ہے، شہباز شریف کیسز کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونی چاہیئے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ن لیگ موجودہ دور کی ایسٹ انڈیا کمپنی ہے، ماڈرن ایسٹ انڈیا کمپنی نے ملک کو لوٹا، گوالمنڈی میں پٹھو گرم کھیلنے والے لندن میں پولو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کراچی کو اس کا حق نہیں مل رہا، گھوٹکی، لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں کا بھی برا حال ہے، وفاقی ترقیاتی بجٹ کے پیسے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا۔