اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وفاقی حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات ترمیمی بل پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں سمیت متعدد شقوں میں ترمیم پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے انتخابی اصلاحات کیلئے الیکشن ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پاس کرایا ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے لکھے گئے خط میں بل سینیٹ میں پیش کرنے سے قبل معاملہ وزیراعظم عمران خان کے علم میں لانے کی درخواست کی اور سیکریٹ (خفیہ) ووٹنگ کے بجائے اوپن ووٹنگ کا لفظ شامل کرنے کی بھی مخالفت کر دی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ اوپن ووٹنگ کا لفظ شامل کرنا آئین کے آرٹیکل 226 کی خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ اس حوالے سے صدارتی ریفرنس سے متعلق کیس میں واضح رائے دے چکی ہے، بل پر عملدرآمد کی صورت میں الیکشن کمیشن کے اختیارات محدود ہو سکتے ہیں، بل سینیٹ میں پیش کرنے سے قبل معاملہ وزیراعظم عمران خان کے علم میں لایا جائے۔