کینیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل رابرٹ کرکئی کی جنرل ندیم رضا سے ملاقات

Published On 22 June,2021 07:56 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) کینیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل رابرٹ کرکئی کبوچی نے جوائنٹس سٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کینیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل رابرٹ کرکئی کبوچی نے جوائنٹس سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ جہاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے کینیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز کی ملاقات ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی اور پیشہ ورانہ دلچسپی، سکیورٹی، دفاعی تعاون سمیت عالمی، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل رابرٹ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا۔

قبل ازیں جنرل رابرٹ کی جوائنٹ سٹاف آمد پر انہیں تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
 

Advertisement