اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سامنے وزیراعظم عمران خان کھڑے ہو گئے ہیں اور حکومت جب کوئی وعدہ کرتی ہے تو اسے پورا کرتی ہے۔جو امیر آدمی ٹیکس نہیں دے گا وہ جیل جائے گا، 2023ء تک محصولات 7000 ارب روپے تک لے جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اگر ہماری گروتھ ریٹ نیگیٹو آئی تو چین کے علاوہ سب کی ہوئی ، کونسی قیامت آگئی ہماری حکومت میں کورونا کے دوران گروتھ ریٹ 4 فیصد پر آگئی ہے، 1968 میں پاکستان ایشیا میں چوتھی بڑی معیشت تھی اب کہاں ہیں۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ عمران خان غریب آدمی پر بوجھ نہیں ڈالے گا، ابھی تک تو عمران خان نے اتنے ماہ سے پیٹرولیم قیمتیں نہیں بڑھائی، ہم نے ایک اکنامک ایڈوائزری کونسل بنائی جس میں تفصیلی پلان بنا لیے گئے ہیں، ہم کاروبار کیلئے قرضے اور صحت کارڈ بھی دیں گے جب کہ اگلے سال جون سے پہلے دس کروڑ پاکستانیوں کو کروناویکسین ہو جائے گی۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ یہ حکومت جب کوئی وعدہ کرتی ہے اسے پورا کرتی ہے، ٹیکس وصولیوں کا حدف کراس کریں گے، اس مرتبہ 4.7 ٹریلین کے ٹارگٹ سے تجاوز کریں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو امیر آدمی ٹیکس نہیں دے گا وہ جیل جائے گا، 2023ء تک محصولات 7000 ارب روپے تک لے جائیں گے۔
ہمیں ورثے میں 20 ارب ڈالر کا سرپلس خسارہ ملا، ہم نے فاٹا پاٹا والوں سے جو وعدہ کیا اسکا راستہ نکالا، اب فاٹا والے خوش ہیں، اس سال ساری دنیا کا ڈیٹ ٹو جی ڈی پی اوسط 10 فیصد بڑھا ہے جب کہ پاکستان کا 1.5 فیصد بڑھا ہے۔