اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ کے سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر لبیک کہتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
ارباب غلام رحیم نے یہ اہم فیصلہ وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ پہلے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ رہ چکے ہیں۔
ارباب غلام رحیم نے بتایا کہ انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، اس سلسلے میں میری وزیراعظم سے ملاقات خصوصی ملاقات ہوئی جس میں سندھ کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے پارٹی کی مقامی قیادت سے کوآرڈینیشن سمیت مختلف ذمہ داریاں سونپی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں، بزدار، ارباب رحیم کی ملاقات
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ارباب غلام رحیم نے ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ارباب غلام رحیم نے پنجاب کا عوام دوست اور ریکارڈ ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کی تعریف کی اورکہا کہ آپ کا صوبے کی یکساں ترقی کا ویژن قابل تحسین ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مختصر مدت میں جو کام کر چکے ہیں، وہ سابق حکومتیں 70 برسوں میں نہیں کر سکیں۔ ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔ سابق حکمرانوں نے کام کم کیا لیکن ڈھنڈورا زیادہ پیٹا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت نے اداروں کو سیاسی مداخلت کے ذریعے تباہ کیا۔ ہماری حکومت نے اداروں کو خود مختار بنایا ہے اور میرٹ پر تعیناتیاں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ذاتی پسند و نا پسند کے کلچر کو ختم کر کے میرٹ کو فروغ دیا ہے ۔ پنجاب میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کے لئے نئے مالی سال کے بجٹ میں بہت زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے صوبے کا ہر ضلع ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ ترقی کے سفر میں دیگر صوبوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔