اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ایئر لائن کے سربراہ ارشد ملک نے خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر خلیجی ممالک پروازیں بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
پی آئی اے حکام کے مطابق نجی ائیر لائنز کی پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں، انھیں عید سے قبل واپس لانے کے انتظامات ترتیب دے دیئے ہیں۔ دوحہ سے پاکستان کیلئے چار بوئنگ 777 پروازیں لگا دی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ طلب کو دیکھتے ہوئے مزید پروازیں اگلے ایک دو روز تک لگائے جانے کا منصوبہ بھی طے ہے جبکہ بحرین کے لیے ائیر بس جہازوں کی جگہ بوئنگ 777 متبادل پرواز کے طور پر استعمال کیے جائیں گے۔
حکام نے کہا ہے کہ ائیر بس کے مقابلے میں بوئنگ 777 تین گنا زائد گنجائش رکھتا ہے۔ پی آئی اے سربراہ ارشد ملک کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک میں موجود پاکستانیوں کی ضرورت کا بغور مشاہدہ کر رہے، ہم اپنے ہم وطنوں کو دیار غیر میں بے مددگار نہیں چھوڑ سکتے، قوم ہمیشہ پی آئی اے کو قومی فرائض میں سب سے آگے پائے گی۔