حکومت مخالف تحریک کا نیا مرحلہ، پی ڈی ایم کے آج سوات میں جلسے کی تیاریاں مکمل

Published On 03 July,2021 10:21 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ایک مرتبہ پھر حکومت مخالف جلسے کیلئے تیار ہو گئی، حکومت مخالف اتحاد آج سوات میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت مخالف جلسوں کے لیے ایک بار پھر متحرک ہو گئی۔ سوات کے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، گراونڈ کے چاروں اطراف پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے جھنڈے اور بینرز لہرا دیئے گئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے اور سکیورٹی کے حالات کے باعث مقامی انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دینے سے انکا کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم قائدین کا کہنا ہے کہ جلسہ ہر صورت ہو گا۔

شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا وفد پی ڈی ایم جلسے میں شریک ہوگا، وفد میں شاہد خاقان عباسی، امیر مقام اور مریم اورنگزیب شامل ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سوات گراونڈ میں ہرصورت پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا۔ امید ہے ضلعی انتظامیہ پی ڈی ایم کے ساتھ تعاون کریگی، کل نہ صرف جلسہ ہوگا بلکہ جاندار جلسہ ہوگا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسہ سے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کےصدر شہباز شریف سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ جلسہ اتنا بڑا ہوگا کہ گراؤنڈ بھی کم پڑجائے گا۔

Advertisement