سوات: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملکی سیاست کا غیر ضروری حصہ ہیں، ان کے جانے کا وقت قریب آ گیا ہے۔
سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کا جذبہ کم نہیں ہوا، وہ آج بھی پرجوش ہیں۔ آزاد لوگوں پر ایسی غلامی مسلط نہیں کی جا سکتی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جانے کا وقت قریب ہے، حکومت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ ہمیں جمہوری مستقبل کی طرف بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں عمران خان کو بلایا گیا نہ پوچھا گیا۔ غلط پالیسیاں ہمیں افغانستان سے دور کر سکتی ہیں۔ امریکا کو افغانستان میں منہ کی کھانا پڑی۔