اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر عید الاضحی پر نقل وحمل کو محدود کرنے اور سیاحتی شعبہ پر پابندیوں پر غور شروع کر دیا ہے،این سی اوسی نے کہا ہے کہ ڈیلٹا وائرس کے حوالے سے احتیاط نہ کی گئ تو نتائج خطرناک ہوسکتے ہیں۔
جمعہ کو اپنے ایک بیان میں این سی اوسی نے کہا ہے کہ ڈیلٹا وائرس جو درحقیقت انڈین وائرس ہے انتہائی خطرناک ہے اورپاکستان میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے جو کورونا کی چوتھی لہر بھی ہو سکتی ہے۔
این سی او سی نے ڈیلٹا وائرس اور پاکستان میں موجود دیگر وائرس کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دے دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس پر قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اس وائرس کی وجہ سے ہندوستان نے ناصرف لاکھوں اموات کا سامنا کیا بلکہ ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کے باعث عوام بے یار ومددگار اذیتیں جھیلتے رہے۔ پاکستانی عوام کو اس وائرس کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ ان اقدامات میں متعلقہ ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسین لگوانے کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں موجودہ ایس او پیز کا شدت سے نفاذ 9 سے 18جولائی تک یقینی بنایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر وبا کے پھیلاؤ کی صورت میں غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود رکھنے کیلئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، جن پر عملدرآمد کا فیصلہ کورونا کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھ کر آئندہ چند دن میں کیا جائے گا۔ بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر سیر و سیاحت پر پابندی کا بھی امکان ہے،ایک بار پھر اس امر کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کی جا رہی ہیں کہ تمام پرائیویٹ سیکٹر ملازمین بشمول کارپوریٹ سیکٹر، چھوٹی درمیانی اور بڑی انڈسٹری کے ملازمین زراعت، میڈیا، وکلاء پرائیویٹ کمپنیاں فیکٹری مزدور، مارکیٹ میں کام کرنے والے ملازمین، ٹرانسپورٹ سیکٹر سے منسلک افراد ہوٹل ورکرز، ریڑھی بان جمنیزیم ملازمین، مساجد کے خدام اور آئمہ، شادی ہال، ورکشاپس پر کام کرنے والے افراد کو لازماً 31 جولائی سے قبل ویکسین لگوائی جائے۔
این سی او سی نے کہا ہے کہ اس کے علاوہ 18سال سے زائد عمر کے طلبہ اور طالبات کے لئے 31 اگست تک ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان کے تمام سیاحتی مقامات پر جانے والے 30 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر بغیر ویکسینیشن سرٹیفیکٹ کے سفر اور ہوٹل بکنگ پر عائد پابندی کو یقینی بنانے کے لئے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور یکم اگست سے اس پابندی کا اطلاق 18 سے 30 سال تک کے افراد پر بھی ہوگا جسے یقینی بنانے کے لئے اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔