اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبد الرشید سلہریا نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوران فوج اور رینجرز تعینات ہو گی، انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اسلام آباد میں مہاجرین کے بارہ انتخابی حلقوں میں تعینات ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی ضروری ہے، انتخابات کے موثر انعقاد کے لیے فول پروف اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کے ارکان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے کام کو دلجمعی سے کریں اور اس عمل کو شفاف بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کو بروئے کار لائیں، ہمارے لئے یہ ایک چیلنج ہے جسے ہم نے موثر انداز میں انجام دینا ہے، مجھے اپنے ارکان پر بھرپور اعتماد ہے اور پورا یقین ہے کہ ہم ملکر تمام مشکلات پر قابو پالیں گے، تمام محکموں کے ساتھ تعاون کو موثر بنانے کی ضرورت ہے۔