اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذوالحج 1440ھ کا چاند نظر نہیں آیا ہے، یکم ذوالحج 12 جولائی کو ہوگی۔ عیدالاضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ منائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت چاند کی رویت کے لیے اجلاس ہوا جس میں محکمہ موسمیات کے حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اس کے علاوہ شاند دیکھنے کے لیے ملک کے مختلف مقامات پر زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوئے۔
اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں کہیں سے بھی ذوالحج کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اور ملک بھر میں کہیں سے کوئی شہادت موصول نہ ہونے کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا عیدالاضحیٰ 21 جولائی کو منائی جائے گی۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناسید عبدالخبیرآزاد نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی ذوالحج کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ چاند نظر نہ آنے کے بعد یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم ذوالحج پیر کو ہو گی اور ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 21 جولائی کو منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مرکزی اجلاس میں علامہ سجاد نقوی، حافظ محمد اقبال نعیمی، مولانا ہارون الرشید بالاکوٹی، مفتی عبدالسلام جلالی اور پیر محمد ممتاز احمد ضیا نظامی اور دیگر شریک تھے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے یہ عندیا دے دیا تھا کہ ملک بھر میں ذولحج چاند نظر آںے کے امکانات انتہائی معدوم ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں اور چاند 7:57 منٹ تک دیکھا جا سکے گا اور چاند کی عمر 13 گھنٹے 34 منٹ ہے۔
یاد رہے کہ ذوالحج کے چاند کے برعکس مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے عیدالفطر کے لیے شوال کے چاند کا اعلان کئی گھنٹے تاخیر کے بعد رات گئے کیا تھا۔
زونل کمیٹیوں کا جلد ختم ہو گیا تھا لیکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں پر طویل بحث کی گئی جس کی وجہ سے رات 11 بجے تک اعلان نہیں کیا جا سکا تھا۔