اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ 22 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔ ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دینے سے متعلق جائزہ کمیٹی کی رپورٹ کابینہ میں پیش کی جائے گی جبکہ عیدالاضحی پر کتنی چھٹیاں ہوں گی کابینہ اس کا بھی تعین کرے گی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کو نوشہرہ میں ریلوے کی زمین پر ملٹی سٹوری بلڈنگ کی تعمیر اور اسلام آباد کے سیکٹر ای 8 اور ای 9 میں تجاوزات سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
کابینہ کو کامرس ڈویژن کی جانب سے ایگرو اور نان ایگرو پروجیکٹ کی رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔
مسلح افواج کے اہلکاروں کے لیے خصوصی الاؤنس 2021ء کی منظوری اور حلیم عادل شیخ کی جی آئی ٹی بنانے کی درخواست ایجنڈے میں شامل ہے۔
اقبال اکیڈمی پاکستان کے نائب صدر اور پانچ گورننگ باڈی کے ارکان کے ناموں کی منظوری اور ڈرگز کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ آئیسکو کے سی ای او کی تقرری کی منطوری دی جائے گی۔ ایم ڈی نیشنل انجینئرنگ سروس کی تقرری اور 3 ماہ کی مدت میں توسیع کی منظوری دی جائے گی۔
پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمنپی کے سی ای او کی تقرری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔