لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی ہے۔
چودھری پرویز الہٰی کی رہائشگاہ پر ہونے والی ملاقات میں بلوچستان سمیت ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وفد کے رہنماوں نے مونس الٰہی کے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چودھری پرویزالٰہی کے پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب کروانے اور سیاسی عمل کو مثبت انداز میں مکمل کرنے کے عمل کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا پنجاب اسمبلی کو احسن انداز میں چلانا، حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں کے درمیان اعتدال رکھ کر بجٹ پاس کروانا اور سب سے بڑھ کر پنجاب اسمبلی میں سب کو ساتھ لے کر قانون سازی کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کرنا قابل ستائش ہے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھاکہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ترقی کا سفر جاری ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی ترقی کا سفر جاری رہنا چاہئے، عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پچھلی حکومتوں نے ہمارے ترقیاتی فلاحی منصوبوں کو روک کر عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا تھا۔