باغ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آزادکشمیرمیں بچے جلسے کررہے ہیں، قیامت کی نشانی ہے مودی کے ساتھ پگڑیاں تبدیل کرنے والے آج ووٹ مانگ رہے ہیں۔
باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ موسم خراب ہے اورجلدی واپس جانا ہے، کشمیریوں عمران خان کے لیے ووٹ مانگنے آیا ہوں۔ اپوزیشن والوں نے مودی، آرایس ایس کا جلسوں میں نام نہیں لیا، عمران خان کا نام لیا جس نے چوروں کو گلے سے پکڑا۔
جلسے کے دوران شیخ رشید نے کا ’’مودی کا جو یار ہے وہ غدارہے‘‘ کے نعرے بھی لگوائے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیرمیں عمران خان کا امیدوارآئے گا تو کشمیر ترقی کرے گا، عمران خان کشمیر کو آزادی کی طرف لیکرجائے گا۔ میرے سینے میں کشمیری خون ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران جب اقوام متحدہ میں بولتا ہے تولگتا ہے کشمیریوں کا ترجمان بول رہا ہے، آزادکشمیرمیں بچے جلسے کررہے ہیں، قیامت کی نشانی ہے مودی کے ساتھ پگڑیاں تبدیل کرنے والے آج ووٹ مانگ رہے ہیں، وہ لوگ ووٹ مانگ رہے ہیں جنہوں نے اسامہ سے چندا نہیں چھوڑا۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے ایک رکشہ ڈرایئور کو ٹکٹ دیا ہے، فاروق حیدرتم نے آزادکشمیرکے لیے کیا کیا؟ فاروق حیدرضرورت پڑی تو تمہیں وہاں چھوڑ کر آؤں گا، لال حویلی کا سرینگرسے رشتہ ہے، دنیا میں کوئی بھی شخص عمران خان پرکرپشن کا الزام نہیں لگاسکتا۔