کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کورونا نے ایک اور مسیحا کی جان لے لی۔ ڈاکٹر اقبال نوری ایک ہفتے سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
ڈاکٹر اقبال نوری دو ہفتے قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ ایک ہفتے سے نجی ہسپتال میں داخل تھے۔ 4 روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کیا۔ ڈاکٹر اقبال نوری نے ڈاؤ میڈیکل کالج سے 1984 میں گریجویٹ کیا تھا۔ ڈاکٹر اقبال نوری کا کراچی کے معروف فزیشنز میں شمار ہوتا تھا۔ سندھ میں 101 ڈاکٹرز سمیت 165 طبی عملہ کورونا سے انتقال کر چکا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 939 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 34 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 51 ہزار 707، سندھ میں 3 لاکھ 62 ہزار 182، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 41 ہزار 359، بلوچستان میں 29 ہزار 357، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 607، اسلام آباد میں 85 ہزار 230 جبکہ آزاد کشمیر میں 22 ہزار 592 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 55 لاکھ 84 ہزار 899 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار 215 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 23 ہزار 472 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 525 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 11 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 939 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 909، سندھ میں 5 ہزار 185، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 405، اسلام آباد میں 789، بلوچستان میں 321، گلگت بلتستان میں 122 اور آزاد کشمیر میں 608 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔