'آزاد کشمیر میں کامیابی عام آدمی کے وزیراعظم پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار'

Published On 26 July,2021 10:30 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کامیابی عام آدمی کے وزیراعظم پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سمی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اپنی قیادت اور سیاست دونوں پر نظرثانی کرے، اب زرداری اور نواز شریف کو لوگ قبول کرنے کو تیار نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ محب اللہ سے ملاقاتیں کرنیوالوں کا کوئی مستقبل نہیں۔

ادھر وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے آزاد کشمیر الیکشن بارے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان دلیر سفیر اور سچے وکیل کے طور پر ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتے رہیں گے، آزاد کشمیر اور ملک کے مختلف حصوں میں بسنے والے کشمیریوں کا شکریہ، جنہوں نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا، کشمیریوں نے پی ٹی آئی کو جو مینڈیٹ دیا اس کے احترام کے ساتھ ساتھ تعمیر و ترقی کا جال بچائیں گے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام نے دھونس، دھاندلی، الزامات اور تنقید کی سیاست کو زمین بوس کر دیا، مریم اور بلاول گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں عبرت ناک شکست کے بعد اب کیسا محسوس کر رہے ہیں، 25 جولائی، تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، اس دن کشمیریوں نے مودی کے یاروں، جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور سرٹیفائیڈ جھوٹوں کو سبق سکھایا۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے بعد گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام نے دونوں کرپٹ جماعتوں کو الوداع کہہ دیا، جو اپنی شادیوں پر مودی کو بلائیں، آموں اور ساڑھیوں کے تحائف لیں، حریت رہنماؤں کو نظر انداز کریں، کشمیری ان کو کبھی معاف نہیں کرسکتے، جن لوگوں نے کشمیر کا سودا کیا انھیں آج کشمیریوں نے ووٹ سے  ریجیکٹیڈ  بنا دیا۔
 

Advertisement