لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے سیالکوٹ میں ضمنی انتخابات میں کامیابی پر پارٹی ورکرز اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام اپوزیشن کے بیانہ نہیں حکومتی بیانہ کیساتھ متحد کھڑی ہے۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار اقتدار نہیں ملک و قوم کو مضبوط اور مستحکم بنانے پر کام ہو رہا ہے، انشا اللہ وزیر اعظم عمران خان مدنیہ کی ریاست کے مشن میں کامیاب ہونگے، سیالکوٹ میں کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔
ادھر معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو برسوں لوٹنے والے مافیاز کے بت پاش پاش ہو رہے ہیں، چور تبدیلی کی زد میں آکر ریزہ ریزہ ہو گئے، پی ٹی آئی پورے ملک میں چھا گئی، تبدیلی کا سفر جاری ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی پی 38 کی جیت سے واضح ہوچکا ہے کہ ن لیگ کا پنجاب سے صفایا ہوگیا، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار ملک میں حقیقی تبدیلی لا رہے ہیں، ضمنی الیکشن میں کامیابی دلوانے پر اہل سیالکوٹ اور پی پی 38 کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔