لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل سرگودھا ڈویژن حسن انعام پراچہ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ حسن انعام پراچہ نے بھلوال کو ضلع کا درجہ دینے کی خصوصی درخواست کی جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے خصوصی نظرثانی کا وعدہ کیا۔
چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل سرگودھا ڈویژن حسن انعام پراچہ نے حلقہ کو سالم تا سرگودھا روڈ، بھیرہ تا ملکوال روڈ، میانی تا پکھووال روڈ، علی پور تا تھٹھی ولانہ روڈ، سکولوں کی اپ گریڈیشن و دیگر اربوں روپوں کا خصوصی پیکج دینے پر شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر فرنٹ ڈیسک کے 2 ہزار 963 ملازمین کو ریگولر کر دیا گیا۔ ریگولر کئے جانے والے ملازمین میں 2 ہزار 506 پولیس سٹیشن اسسٹنٹ، 382 سینئر سٹیشن اسسٹنٹ شامل ہیں۔ 37 ہارڈویئر اسسٹنٹ، 37 ڈیٹا پروسیسنگ آفیسر اور ایک ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریٹر بھی شامل ہیں۔