اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی جس میں صوبوں سے متعلق اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اے پی پی کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان سے وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور رواں سال ڈویژن وضلعی سطح پر منظور شدہ 4 ہزار سے زائد ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
دریں اثناء وزیرِاعظم عمران خان سے وزیرِاعلی بلوچستان جام کمال خان نے بھی ملاقات کی جس میں بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلقہ امور پر گفتگو ہوئی۔