اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو کی لعنت سے نجات دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، وائرس سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹا جائے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ورچوئل اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں پولیو پر قابو پانے کے لیے چیف سیکریٹریز اور 22 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے۔ وزیراعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر شہباز گل اور دیگر حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ میں ملک بھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، 2021 میں صرف 14 فیصد ماحولیاتی نمونے مثبت پائے گئے، ان کی تعداد گزشتہ سال 56 فیصد تھی، ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا ایک نادر موقع ہے، اگلے 6 سے 12 ماہ اس حوالے سے انتہائی اہم ہیں۔ وزیر اعظم نے تمام ہائی رسک اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ہدایت کر دی۔