اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم ہاؤس کو کمرشل استعمال کے لیے کھولنے کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور علاج کے لیے درکار 61 آئٹمز کی ڈیوٹی چھوٹ میں توسیع کی منظوری دے گی۔ اسلام آباد مارگلہ روڈ پر قائم تجاوزات ہٹائے جانے کی رپورٹ کابینہ کو پیش کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ ممنوعہ اور غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا اختیار وزارت داخلہ کو دینے کی منظوری دے گی۔ آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت صوبوں کے لیے مختص نشستوں کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ وفاقی کابینہ پیسکو کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کا فیصلہ کرے گی۔
کابینہ کو معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ ای سی سی کے گزشتہ دو اجلاسوں اور قانون سازی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔