پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا۔ ایوب میڈیکل کمپلیکس کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر احسان الحق کورونا سے جاں بحق ہوگئے۔
پراونشنل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں مسیحاؤں پر کورونا کے وار جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیکل ایوب میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر احسان الحق کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ ڈاکٹر احسان ایوب میڈیکل کمپلیکس میں فرائض انجام دے رہے تھے کہ کورونا وائرس میں مبتلاء ہوئے۔
ڈاکٹر احسان 3 دنوں سے ایوب میڈیکل کمپلیکس میں زیرعلاج تھے۔ پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق کورونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹروں کی تعداد 69 ہوگئی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 95 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 795 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 63 ہزار 125 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 720 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 62 ہزار 557، سندھ میں 3 لاکھ 96 ہزار 918، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 47 ہزار 452، بلوچستان میں 31 ہزار 69، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 615، اسلام آباد میں 90 ہزار 93 جبکہ آزاد کشمیر میں 26 ہزار 421 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 63 لاکھ 93 ہزار 404 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 233 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 59 ہزار 491 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 275 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 95 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار 797 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 172، سندھ میں 6 ہزار 168، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 524، اسلام آباد میں 811، بلوچستان میں 331، گلگت بلتستان میں 150 اور آزاد کشمیر میں 641 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔