اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دوبارہ اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان چائنا اکنامک کوریڈور منصوبہ کو کسی بیرونی سازش کا شکار نہیں ہونے دینگے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ نے یہ بات چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کے موقع پر کہی۔ چینی سفیر نے وزیر داخلہ کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاک چین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور بس حادثہ سے متعلق جاری تحقیقات پربات چیت جاری ہے۔ فریقین نے تحقیقات کو جلدسے جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں اور پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں کوئی طاقت رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ چینی سفیر نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان میں بہت سی چینی کمپنیاں مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے چینی شہریوں کو سہولیات دینے پر وزرات داخلہ سے اظہار تشکر بھی کیا۔