کوئٹہ: (دنیا نیوز) شرپسند عناصر کی جانب سے کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر قائم ایک دکان پر دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو کی ٹیمیں دہشتگرد واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچیں۔ سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے دھماکے میں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دستی بم حملے میں طبی امداد کیلئے لایا گیا شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان بحق ہو گیا ہے۔
ادھر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے دہشتگرد عناصر کی تلاش شروع کر دی ہے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔