اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ای وی ایم کو ہیک نہیں کیا جاسکتا، الیکٹرانک ووٹنگ انٹرنیٹ سے لنک نہیں ہے، کوئی بھی آکر ای وی ایم کو ٹیسٹ کرسکتا ہے۔
وفاقی وزیر شبلی فراز نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تمام ضروریات پوری کرتے ہوئے ای وی ایم بنا دی، الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا ای وی ایم ان کی ضروریات کو پورا کرتی ہے یا نہیں ؟ ای وی ایم میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کرسکتے، ای وی ایم میں کسی قسم کی یو ایس بی لگانے کا سسٹم نہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ فارم 45 کا ایک کیو آر کوڈ بنے گا، سیاسی جماعتیں ماہرین کو لائیں اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو جانچیں، ای وی ایم کے ذریعے سسٹم بیٹھنے کا مسئلہ درپیش نہیں آئے گا، الیکشن کمیشن وہ واحد آئینی ادارہ ہے جس نے ای وی ایم کو منظور یا مسترد کرنا ہے۔