راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا اجلاس بے وقت کی راگنی، پچھلے سال سے جلسے ہو رہے ہیں، شہباز شریف نے اب تک اپیل نہیں کی، نواز شریف کو واپس آنا پڑے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا جو بیانیہ ہے وہ ہی تو عمران خان کا بیانیہ ہے، پی ڈی ایم کو کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک اہم رول پلے کرنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے انٹرویوز پاکستان کے خلاف میڈیا وار کا حصہ ہیں، انہوں نے رویہ نہ بدلا تو ہمارے پاس تمام فوٹیجز موجود ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نور مقدم کے قاتل کی فرانزک رپورٹ مل گئی اور وہ میچ کر گئی، نور مقدم کیس میں والدین سمیت ملزمان کے نام سی سی ایل میں ڈال دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں میں کسی قسم کا انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا، محرم الحرام کے حوالے سے لاہور جاؤں گا، وزارت داخلہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی، 40 سال سے لال حویلی پر محرم الحرام کی وجہ سے جلسے کو منسوخ کیا گیا، راولپنڈی کے تاجروں اور دکانداروں سے کہوں گا کہ محرم الحرام کی وجہ سے تعاون کریں۔