وطن عزیز کو جمہوری ریاست بنانے کیلئے سرگرم ہیں: بلاول بھٹو

Published On 14 August,2021 01:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ قوم کو جشنِ یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو صحیح معنوں میں جدید، ترقی پسند اور متحرک جمہوری ریاست بنانے کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔

  پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جشنِ یومِ آزادی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمارے بزرگوں کی پر امن سیاسی جدوجہد اور جمہوریت پسند ویژن کی علامت ہے، 74 سالوں کے بعد بھی عوام بنیادی سہولیات اور یکساں حقوق سے محروم کیوں ہیں، سوچنے کی ضرورت ہے کہ عوام کیوں عدم انصاف اور غربت جیسی بیماریوں میں جکڑے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اِس مملکتِ خداداد کو اس وقت تک کوئی خطرہ نہیں، جب تک 1973ء کا آئین ہمارا قومی لائحہ عمل ہے، قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اس کاز کی خاطر اپنی جانیں بھی قربان کر دیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک میں ہر قسم کے تعصب، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے لئے زمین تنگ کر دیں گے، جشنِ یوم آزادی کے موقع پر مجھے اپنے کشمیری بھائی و بہنیں بھی یاد آ رہے ہیں، وہ کشمیری جو اپنے حقِ خودارادیت کے لئے اس بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، انسانی تاریخ جس پر ہمیشہ شرمندہ رہے گی، کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کی آزادی تک پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

 

Advertisement