اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان وفد نے ملاقات کی، جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
افغان سیاسی قیادت کا اعلیٰ سطح کا وفد دفتر خارجہ پہنچا، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی بہتری کیلئے لائحہ عمل طے کرنا ضروری ہے، ہمارا حتمی مقصد پر امن، متحد، جمہوری اور مستحکم افغانستان ہے، ہم مل کر امن اور مفاہمت کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی حامی ہے، افغان قیادت موقع کا فائدہ اٹھا کر سیاسی حل کی راہ ہموار کرے، جامع مذاکرات افغان مسئلے کے پر امن سیاسی حل کا واحد راستہ ہیں، نہیں چاہتے افغانستان میں بد امنی ہو اور ہمسایہ ممالک متاثر ہوں، امن مخالف عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنا ہوگی۔