اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظ٘م عمران خان کا برطانوی ہم منصب بورس جانسن کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں وزرائے اعظم نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
بات چیت کے دوران وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے لئے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام افغانوں کا تحفظ ، سلامتی اور حقوق کا احترام یقینی بنانا انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم نے افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیہ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وزیراعظم عمران خان نے افغانستان سے سفارتی ، بین الاقوامی اداروں کے عملے اور دیگر افراد کے انخلاء میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔
دونوں وزرائے اعظم نے افغانستان میں بدلتی صورتحال کے حوالے سے رابطوں میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔دو طرفہ تناظر میں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی طرف سے کوویڈ 19 پر قابو پانے کے لئے اٹھائے گئے وسیع اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ متعلقہ ڈیٹا برطانیہ کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا ۔
وزیر اعظم نے بورس جانسن سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔