تمام شعبوں میں آسٹریلیا کیساتھ دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، صدر مملکت

Published On 23 August,2021 04:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں آسٹریلیا کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں آسٹریلیا کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔

صدر نے ان خیالات کا اظہار وزارت خارجہ کے سبکدوش ہونے والے ترجمان اور آسٹریلیا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے صدر نے زور دیا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم ، زراعت ، تجارت ، پانی کے انتظام ، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) میں دوطرفہ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے آسٹریلیا سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ، انہوں نے مزید کہا کہ ملک نے کاروباری دوستانہ پالیسیاں اپنائیں اور اپنی توجہ جیو سیاست سے جیو اکنامکس پر منتقل کر دی۔ حکومت کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مثبت کردار کی حوصلہ افزائی کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے نامزد ہائی کمشنر سے کہا کہ وہ آسٹریلیا میں پاکستانی شہریوں کی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے کام کریں اور انہیں ہر ممکن تعاون اور خدمات فراہم کریں۔

آسٹریلیا میں پاکستانی طلباء کی قابل ذکر تعداد کےپیش نظر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ صدر مملکت نے زاہد حفیظ چوہدری کو آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی اور ان سے کہا کہ وہ پاکستان آسٹریلیا تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے دفتر خارجہ کے ترجمان کے طور پر اپنے فرائض کو بہترین طریقے سے انجام دینے پر زاہد حفیظ چودھری کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے فرائض انجام دیں گے۔
 

Advertisement