اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے پاک روس تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارتی اور توانائی کے شعبے میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
روسی صدر کیساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پرامن، محفوظ افغانستان پاکستان اور خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے۔ افغانستان میں جامع سیاسی تصفیہ آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو افغانستان کیلئے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ افغانستان میں معاشی استحکام کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ روس، امریکا، چین اور پاکستان پر مشتمل گروپ کے کردار کو اہمیت دیتے ہیں۔