بھارتی دہشتگردی کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے پیش کئے: دفترخارجہ

Published On 29 August,2021 09:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کئے ہیں، بھارت دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف تخریب کاری کے ناقابل تردید ثبوت شیئر کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے۔صرف اس سال بھارت جوہر ٹاؤن لاہوراور داسو میں چینی اور پاکستانی کارکنوں کے خلاف دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت میں حکمراں بی جے پی اور آر ایس ایس کا ایک واضح مسلم مخالف اور اقلیت مخالف ایجنڈا ہے۔وہ نظریاتی اور سیاسی فائدہ کے لیے پاکستان کو جھوٹی پروپیگنڈا مہمات سے نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فروری 2019 میں بالاکوٹ میں بھارت کی نام نہاد سرجیکل سٹرائیکس اور خام خیال مہم جوئی نے اسے بری طرح بے نقاب کیا کہ اس میں جھوٹ گھڑنے کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔پاکستان نے مضبوط انداز میں بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا۔

ترجمان نے کہا کہ فروری 2021 میں 2003 کے جنگ بندی کے معاہدے کے دوبارہ اعادہ کرتے ہوئے ہم نے یہ ظاہر کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو غیر ذمہ دارانہ بھارتی رویے کے باوجود خطے میں امن برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ امن کے لیے ہماری خواہش کے باوجود پاکستان کسی بھی جارحانہ بھارتی منصوبے کے خلاف اپنا دفاع کرے گا۔