اسلام آباد: (دنیا نیوز) صحت انصاف کارڈ سے متعلق شہریوں کے مسائل پاکستان سیٹیزن پورٹل سے منسلک کر دیئے گئے۔ شہری صحت انصاف کارڈ کے پینل میں شامل ہسپتالوں کے مسائل پر بھی شکایات درج کروا سکیں گی۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سیٹیزن پورٹل پر صحت انصاف کارڈ کے نام سے خصوصی کیٹگری الاٹ کر دی گئی ہے اور صحت انصاف کارڈ سے متعلق شہریوں کے مسائل پاکستان سیٹیزن پورٹل سے منسلک کر دیئے گئے ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعظم ڈلیوری یونٹ نے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
ہدایت نامے کے مطابق اسپتالوں میں علاج سے انکار، سہولیات کے فقدان اور عملے کے رویے سے متعلق براہ راست شکایات کی جا سکیں گی، علاج پر آئے اخراجات کی عدم معلومات، علاج میں تاخیر اور غلط اعلاج پر بھی شکایت کر سکیں گے، شہری صحت انصاف کارڈ کے پینل میں شامل اسپتالوں کے مسائل پر بھی شکایات درج کروائی جا سکیں گی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شکایات کے فوری ازالے کے لئے اسٹیٹ لائف کے اعلی افسران کو خصوصی ڈیش بورڈ بھی الاٹ کئے گئے ہیں، چئیرمین اسٹیٹ لائف شہریوں کی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنائیں گے۔