یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، فواد چودھری

Published On 08 September,2021 06:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ یو اے میں 16 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو بیرون ملک پاکستانیوں کی دوسری بڑی جائے سکونت ہے۔

یہ بات انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دوبئی میں ہونے والی ایکسپو 2021ء میں اس بار اپنی طرز کا ایک منفرد پاکستانی پویلین ہوگا، وزارت تجارت اور وزارت اطلاعات اس ایکسپو میں شرکت کیلئے بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔

خطے کی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے کے مفاد میں ہے۔ پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے مخلصانہ کاوشیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ کابل سے غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں ہمارے کردار کو پوری دنیا نے سراہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اس موقع پر یو اے ای کے سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تمام شعبہ جات میں تعلقات کو مضبوط اور متنوع بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے بالخصوص افغانستان میں استحکام کیلئے گرانقدر کردار ادا کیا جو لائق تحسین ہے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ، افغانستان اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
 

Advertisement