ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل

Published On 10 September,2021 08:25 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، انڈر پاسز اور سڑکوں پر پانی جمع، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ لاہور میں 215 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، متعدد علاقے بجلی سے محروم ہونے کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ملک کے مختلف شہروں میں آج چھاجوں چھاج مینہ برسا۔ لاہور کے علاقوں مال روڈ، جوہر ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، سمن آباد اور ریلوے سٹیشن میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ بھاٹی گیٹ، بلال گنج، موہنی روڈ اور شملہ پہاڑی کے علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جبکہ گڑھی شاہو، باغبانپورہ اور دو موریہ پل کےعلاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں جمع پانی فوری نکالنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو مکمل کیا جائے، واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے لکشمی چوک کا دورہ کیا اور وہاں جمع پانی کا جائزہ لیا، انہوں نے واسا عملے کو لکشمی چوک سے جلد ازجلد پانی نکالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کو نکال کر ترجیحی بنیادوں پر روڈ کو کلئیر کروایا جائے، شہریوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عمر شیر چٹھہ نے لکشمی چوک پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔


لاہور میں بارش کے باعث لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے گلشن راوی ، سمن آباد، رائیونڈ روڈ، داتا نگر، ڈیفنس، والٹن روڈ اور بھاٹی گیٹ کے علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ علامہ اقبال ٹاؤن، قلعہ گجرسنگھ، گڑھی شاہو، چائنہ اسکیم ، سگیاں، مانگا منڈی اور شاہدرہ میں بھی بجلی بند رہی۔  

لاہور کے علاوہ شیخوپورہ اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ کراچی اور پشاور میں بھی برکھا رت نے موسلم دلفریب بنا دیا، پی ڈی ایم اے نے سندھ بھر میں الرٹ جاری کردیا  بلوچستان کے ضلع کوہلو کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال درپیش ہے۔

Advertisement