حاملہ، دودھ پلانے والی خواتین کورونا ویکسین لگوائیں: این سی او سی کی ہدایات جاری

Published On 20 September,2021 06:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران این سی او سی کی جانب سے حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو بھی کرونا ویکسین لگوانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) کے مطابق حاملہ، دودھ پلانے خواتین کیلئے کورونا ویکسین محفوظ اور موثر ہے. ویکسین حمل کے کسی بھی مرحلے میں لگائی جا سکتی ہے، کورونا ویکسین مرد یا عورت میں اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت پر اثر نہیں کرتی، حمل کے دوران کورونا ماں اور بچے کیلئے انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین حاملہ خواتین بھی لگواسکتی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اسلام آباد کو 100 فیصد ویکسی نیٹڈ شہر بنانا چاہتے ہیں، ویکسین بیماری سے بچاتی ہے اور حکومت نے یہ خریدی ہے۔ عوام کے تعاون سے کورونا وباسے نمٹنے میں کامیاب ہوں گے لہٰذا شہری کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے میں تاخیر نہ کریں، موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں رہ جانے والے علاقوں میں جا کر ویکسی نیشن کریں گی، اس لیے درخواست ہے کہ جب موبائل ویکسی نیشن ٹیم آئے تو ویکسین ضرور لگوائیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ موبائل ویکسی نیشن یونٹ محکمہ صحت کا ایک انقلابی اقدام ہے، موبائل ویکسی نیشن یونٹ میں ڈیٹا انٹری کے ساتھ ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں گے۔ ڈینگی کے پنپنے کا موسم ہے اس لیے پانی کھڑا ہونے نہ دیں۔