اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسین شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی (نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اب 12 سال سے زائد عمر والے بچے بھی انسداد کورونا ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں ویکسی نیشن کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی تاکہ بچوں کو ویکسین دینا آسان ہو۔
In today s NCOC meeting decided to start vaccination of all 12 years and older. Special drive will be run for vaccination at schools to make it easier for children to be vaccinated
— Asad Umar (@Asad_Umar) September 28, 2021
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 41 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 27 ہزار 638 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 41 ہزار 825 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 400 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 29 ہزار 655، سندھ میں 4 لاکھ 56 ہزار 343، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 73 ہزار 353، بلوچستان میں 32 ہزار 875، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 308، اسلام آباد میں ایک لاکھ 5 ہزار 217 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 74 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 92 لاکھ 84 ہزار 635 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 116 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 11 لاکھ 64 ہزار 219 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 15 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 41 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 27 ہزار 638 ہوگئی۔ پنجاب میں 12 ہزار 575، سندھ میں 7 ہزار 361، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 514، اسلام آباد میں 919، بلوچستان میں 348، گلگت بلتستان میں 184 اور آزاد کشمیر میں 737 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔