اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نون لیگ اور پیپلزپارٹی کو ہر صورت اپنے اکاؤنٹس کی تلاشی دینا ہوگی، کون سے فرشتے ہیں جو آپ کے اکاؤنٹس میں پیسے ڈال گئے، اپنی رسیدیں نکالیں، کوئی قطری خط نہیں چلے گا، اب مریم اور بلاول کو فرار نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو احتساب سے بھاگنے نہیں دیں گے، پارٹی اکاؤنٹس کی اسکروٹنی سے کئی حقائق سامنے آئیں گے، اپنی رسیدیں نکالیں، دوبارہ قطری خط یا جعلی ٹرسٹ ڈید نہ دکھائیں، کونسے ایسے فرشتے تھے جو آپ کے پارٹی اکاؤنٹس میں پیسے ڈال گئے، ان سے سوال پوچھا جائے تو اداروں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو جسٹس قیوم والے ٹیلیفونک انصاف کی عادت ہے، دونوں پارٹیوں کے اکاؤنٹس سے متعلق عوام کوآگاہ کرتے رہیں گے، دونوں جماعتیں جوتے اتار کر بھاگنے کی حالت میں ہیں، فضل الرحمان نے آج تک اپنی پارٹی کا حساب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا تمام ریکارڈ جمع کرا دیا، سکروٹنی کمیٹی نے کام مکمل کرلیا، الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے، تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے پیڈ ممبر شپ کا طریقہ کار متعارف کرایا تھا۔