اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کیخلاف بڑا ایکشن شروع کر دیا گیا ہے، جلد ہی مزید گرفتاریاں ہوں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ رات ایک اہم کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 32 ارکان کو گرفتار کیا، یہ لوگ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے نفرت انگیز پروپیگنڈے میں ملوث تھے۔
یاد رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ واضع کر چکے ہیں جب تک کالعدم جماعت کے لوگ سڑکیں خالی نہیں کرتے اور پولیس کو شہید کرنیوالے مجرموں کو اداروں کے حوالے نہیں کیا جاتا کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ محبِ وطن لوگ اس احتجاج سے خود کو لاتعلق کریں، اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور ریاست کیخلاف دہشت گردی کا حصہ نہ بنیں۔