اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضی نے سینیٹ میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) معاہدے سے متعلق قرارداد جمع کروا دی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدے کا معاملہ سینٹ تک پہنچ گیا، جمعیت علماء اسلام کے سینیٹر کامران مرتضی نے سینٹ میں معاہدے سے متعلق قرارداد جمع کروادی۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان کن شرائط پر معاہدہ ہوا، حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان ہونے والے معاہدے پر سینیٹ میں بحث کروائی جائے، حکومت معاہدے کرلیتی ہے جن پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں قوم کو اذیت کا سامناکرنا پڑتا ہے، معاملے پر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے۔